پورٹسماؤتھ: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم برطانوی شہر پورٹسماؤتھ میں اس وقت غیر متوقع صورتحال سے دوچار ہوگئی جب اسے غلطی سے پناہ کے متلاشی افراد کا گروپ سمجھ لیا گیا اور ہوٹل کے باہر احتجاج شروع ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً 40 افراد پر مشتمل پاکستانی ٹیم میریئٹ ہوٹل پہنچی تو وہاں موجود بعض افراد نے انہیں پناہ گزین سمجھتے ہوئے احتجاج کیا۔ صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب مظاہرین ہوٹل کے باہر جمع ہوگئے۔معاملے کو حل کرنے کے لیے ریفارم پارٹی کے کونسلر جارج میڈوک نے ہوٹل انتظامیہ سے رابطہ کیا اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کوچ سے بات کی۔بعد ازاں کونسلر نے مظاہرین کو بتایا کہ ہوٹل پہنچنے والے افراد پناہ گزین نہیں بلکہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور ارکان ہیں، جس کے بعد مظاہرین چند ہی منٹ میں منتشر ہوگئے۔جارج میڈوک نے واقعے کو انتہائی بدقسمت قرار دیا۔
واقعے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ حکام سے رابطہ کیا ہے جبکہ ٹیم کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 2 سے 5 ستمبر تک انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف چار روزہ میچ کھیلا، جس میں اسے 10 رنز سے شکست ہوئی، جبکہ 9 ستمبر کو کھیلے گئے یوتھ ون ڈے میں پاکستان نے 177 رنز سے کامیابی حاصل کی۔