ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، ملتان میں آٹا 130 سے 135 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا جبکہ 15 کلو کا تھیلا 2 ہزار 100 روپے تک پہنچ گیا۔
رپورٹس کے مطابق ملتان کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ 15 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 2 ہزار روپے میں دستیاب ہے، جبکہ بعض مقامات پر اس کی قیمت 2 ہزار 100 روپے تک وصول کی جارہی ہے۔آٹے کی بڑھتی قیمتوں نے بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمت میں کمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اخراجات پہلے ہی پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے، ایسے میں بنیادی ضرورت کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ان کی مشکلات مزید بڑھا رہا ہے۔دہاڑی دار طبقے کا کہنا ہے کہ کبھی روزگار ملتا ہے اور کبھی نہیں، ایسے حالات میں 2 ہزار روپے کا آٹے کا تھیلا خریدنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ شہریوں کے مطابق بعض علاقوں میں ایک کلو آٹا 135 سے 140 روپے تک میں فروخت کیا جارہا ہے۔