حکمران عوام کو ایسے لوٹ رہے ہیں جیسے منگولوں نے لوٹا تھا، فواد چودھری

اسلام آباد(آئی این پی )سابق وفاقی وزیر  فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو ایسے لوٹ رہے ہیں جیسے منگولوں نے بغداد کو لوٹا تھا۔فوادچوہدری نے  امریکہ اور ایران کے تنازعہ کے باعث ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہمسایہ ممالک سے موازنہ پیش کیا ہے۔   سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری   بیان میں فواد چوہدری نے  خطے کی صورتحال پر لکھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی تصادم کے آغاز سے لے کر اب تک پاکستان کی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 114 روپے فی لیٹر کا بھاری اضافہ کیا، اس کے برعکس اسی دوران بھارت نے پٹرول کی قیمتوں میں صرف 7 روپے فی لیٹر اور بنگلہ دیش نے صرف 24 ٹکا فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔فواد چوہدری نے عوامی معاشی مشکلات کے باوجود حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات اور شاہ خرچیوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف عوام معاشی بحران کا شکار ہیں اور دوسری طرف صرف تین دنوں کے اندر 40 ارب روپے کی نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں