عدینہ سہیل
پاکستان وہ واحد مسلم ریاست ہے جو بے شمار مسائل اور پریشانیوں کے باوجود ہمیشہ امید، جذبے اور جدوجہد کی علامت رہی ہے۔ جب مسلمانوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی جاتی ہے، جب ہر طرف خوف کی فضا چھا جاتی ہے، جب زنجیروں میں صرف جسم نہیں بلکہ سوچ و فکر بھی جکڑ لیے جاتے ہیں، تب ایسی اندھیری راتوں میں مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں اللہ کی نصرت آتی ہے۔
مسلمانوں کے دل و دماغ کے افق پر ایک نئی امید کی کرن نمودار ہوتی ہے، جو آزادی کی جانب رہنمائی کرتی ہے۔پاکستان کے وجود میں آنے کے باوجود، بدقسمتی سے یہاں اندرونی غلامی آج بھی قائم ہے۔ ملک مختلف اندھیروں میں گھرا ہوا ہے، اور اس کا ذمہ دار صرف حکومت نہیں بلکہ ہم سب بھی ہیں۔ملک کے حکمران قانون سے بالاتر دکھائی دیتے ہیں۔ عوام پر دن بہ دن ٹیکسز کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔ ہمارے تعلیمی ادارے، بالخصوص یونیورسٹیاں، صرف ڈگریاں بانٹنے کے کارخانے بن چکی ہیں۔نتیجتاً، علامہ اقبال کے وہ شاہین، جنہیں ستاروں پر کمندیں ڈالنی تھیں، آج کھمبوں پر کنڈے ڈالنے پر مجبور ہیں۔سیاسی عدم استحکام، بار بار حکومت کی تبدیلی، اداروں کے درمیان کھینچا تانی اور بڑھتی ہوئی مایوسی نے عوام کا اعتماد متزلزل کر دیا ہے۔ان تمام اندھیروں کے باوجود، امید کی شمع کبھی بجھی نہیں۔ پاکستان کے اندر ایسے کئی روشن پہلو موجود ہیں جو اس بات کی دلیل ہیں کہ ہمارا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ یہی نوجوان تعلیم، ٹیکنالوجی، کاروبار اور سماجی خدمات کے شعبوں میں حیرت انگیز کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ہر نئی سوچ، ہر نیا قدم ایک نئی امید کا دروازہ کھولتا ہے۔چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔خواتین کی معیشت میں شمولیت، چھوٹے کاروباروں کی ترقی اور کمیونٹی کی سطح پر ہونے والے منصوبے نئی کرنیں بن کر ابھر رہے ہیں۔یہ صرف حکومت یا اداروں کا فرض نہیں، بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔حق و سچ کے ساتھ کھڑے ہو کر، دوسروں کی مدد کر کے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کر کے ہم پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔پاکستان کا روشنی کی طرف سفر جاری ہے
پاکستان شاید ابھی مکمل روشنی میں نہ آیا ہو، مگر وہ مکمل اندھیرے میں بھی نہیں ہے۔ہر دن، ہر سچی کوشش، اور ہر نیک نیت ایک قدم ہے روشنی کی طرف۔ہمیں اس بات کا پختہ یقین ہونا چاہیے کہ یہ وطن ایک دن ضرور اپنے خوابوں کی تعبیر پائے گا، ان شاء اللہ۔