امریکی شہریوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے والے ممالک پر پابندیاں لگانے کا فیصلہ

 ایسے ممالک کو بلیک لسٹ، مختلف اقدامات اٹھائے جائیں گے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے حکم نامے پر دستخط کردیے
   اگر کوئی حراست میں لیے امریکی شہریوں کو رہا کر دے اور آئندہ ایسی خلاف ورزیوں سے باز رہنے کی ضمانت دے تو اسکی نامزدگی ختم بھی کی جا سکتی ہے
واشنگٹن (آئی این پی)  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نئے حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں جس کے تحت ایسے ممالک پر سخت پابندیاں لگائی جائیں گی جو امریکی شہریوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھتے ہیں۔صدارتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ان ممالک کو بلیک لسٹ کیا جا سکے گا اور ان کے خلاف مختلف اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ان اقدامات میں پابندیاں، ان ممالک کے شہریوں کا امریکا میں داخلہ روکنا، برآمدی اور سفری پابندیاں اور دیگر قانونی اقدامات شامل ہیں۔حکم نامے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ایسے ممالک کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کریں۔ تاہم اگر کوئی حکومت حراست میں لیے گئے امریکی شہریوں کو رہا کر دے اور آئندہ ایسی خلاف ورزیوں سے باز رہنے کی ضمانت دے تو اس کی نامزدگی ختم بھی کی جا سکتی ہے۔