عدالت نے ملزموں راجہ سرفراز اور چودھری نوید کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا
راولپنڈی (آئی این پی) اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کے صحافیوں پر تشدد کے معاملے پر تھانہ صدر بیرونی میں صحافی کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ میں علیمہ خان، نعیم حیدر پنجوتھہ، انتصار ستی اور 40 کے قریب نامعلوم کارکنوں کو نامزد کیا گیا۔مقدمے میں بلوہ کرنے، اسلحہ کے ساتھ دھمکانے، غیر قانونی اجتماع کے ذریعے بلوہ کروانے کی دفعہ مقدمے میں شامل کی گئی ہے، مقدمے میں سنگین نتائج کی دھکمیاں دینے کی دفعہ بھی شامل ہے‘دریں اثناء انسداد دہشتگردی عدالت نے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں پر تشدد کیس میں گرفتار ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں پر تشدد کیس کی سماعت ہوئی جس دوران گرفتار ملزمان راجہ سرفراز اور چودھری نوید کو عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت جج نے ملزمان راجہ سرفراز اور چوہدری نوید کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا