آئی جی جیلخانہ جات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا‘ڈی آئی جی اور سپرنٹنڈنٹ معطل ملیر جیل سے کوئی خطرناک یا غیر ملکی قیدی نہیں بھاگا، بیرک سے نکالنا غلط تھا مراد علی شاہ

قیدیوں کے فرار کے واقعات تشویشناک ہیں‘216 فرار ہوئے، مفرور قیدی واپس آجائیں ورنہ سخت کارروائی ہوگی‘13جون کو بجٹ پیش کریں گے
 عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج سے نہیں روک ر ہے لیکن سڑکیں بلاک نہ کی جائیں، پر امن  احتجاج کیا جائے:وزیراعلی سندھ کا تقریب سے خطاب
کراچی (آئی  این پی )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار جیسے واقعات باعث تشویش ہیں، زلزلے کی وجہ سے قیدیوں کو بیرک سے نکالنا غلط تھا، ملیر جیل سے 216 قیدی فرار ہوئے، کچھ کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے، ذمہ داران کیخلاف کارروائی ہوگی۔  کراچی میں منعقد  ہ ایک  تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ قیدیوں کا مطالبہ تھا کہ بیرکوں سے باہر نکالا جائے، تاہم زلزلے کی وجہ سے قیدیوں کو بیرک سے باہر نکالنا غلط تھا، کیوں کہ معمولی نوعیت کے جھٹکوں سے نقصان کے امکانات نہیں ہوتے، بلکہ یہ چھوٹے زلزلے جھٹکے اس اعتبار سے بہتر ہوتے ہیں کہ ان سے بڑے زلزلے کے جھٹکے نہیں آتے۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں نے پولیس سے اسلحہ بھی چھینا، لیکن کوئی خطرناک یا غیر ملکی مجرم ملیر جیل سے نہیں بھاگا، مفرور قیدی واپس آجائیں ورنہ سخت کارروائی ہوگی، کیوں کہ جیل توڑنے کے مقدمے میں یہ لوگ نامزد ہوگئے تو ان کے لیے بڑی مصیبت بن جائے گی، مثر اقدامات کیے بغیر قیدیوں کو بیرک سے نکالنے کا فیصلہ کرنے والے افسر کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ حکومت کا بھرپور تعاون ہوگا، سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، ہمارے ساتھ موجود لوگ خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ 13جون کو بجٹ پیش کریں گے، زرعی شعبے سے وابستہ افراد کو فصلوں کی مناسب قیمتیں نہ ملنے سے ان میں تشویش ہے، جس پر ہم بجٹ میں ان کے لیے بہتر پالیسیاں لائیں گے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کے الیکٹرک کی نجکاری کے وقت سندھ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا، کے الیکٹرک کے بورڈ میں سندھ حکومت کا کوئی نمائندہ شامل نہیں، وفاق کے نمائندے ہیں، نیپرا کے الیکٹرک کا ریگولیٹر ہے، وہ بھی وفاقی ادارہ ہے، لیکن ذمہ داریاں سندھ حکومت کی ہیں، ہم وفاق سے مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ سندھ کے ساتھ ناانصافی کی گئی، صوبے کا نمائندہ ہوگا، تو ہم چیک اینڈ بیلنس رکھ سکیں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج سے نہیں روک رہی، لیکن سڑکیں بلاک نہ کی جائیں، پر امن انداز میں احتجاج کیا جائے‘دریں اثناء زیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملیر جیل واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات کو عہدے سے ہٹا دیا، جب کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جیلز اور سپرنٹنڈنٹ ملیر جیل کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا