پشاور (آئی این پی ) پشاور ہائیکورٹ میں سانحہ سوات کی تحقیقات اور دریاں کو محفوظ بنانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران 384صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے 10افسران اور ذمے دار افراد کے بیانات قلمبند کیے اور واقعے کی تحقیقات کیلئے محکموں کے افسران کو الگ الگ تفتیش کیلئے بلایا گیا۔ رپورٹ میں واقعے کے بعد حکومتی اقدامات اور معطل افسران کی تفصیلات، سیلاب سے پہلے اوربعد میں کی گئی تیاریوں کی تفصیلات، سانحہ سوات سے قبل کیے گئے اقدامات اور نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔رپورٹ میں بارش کی پیشگوئی، دفعہ 144کے نفاذ کے اعلامیے اور مون سون بارشوں سے متعلق پیشگی آگاہی پیغامات کے ثبوت بھی جمع کرائے گئے ہیں۔