لاہور( خصوصی رپورٹ )پنجاب حکومت نے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کے لیے سرکاری پراپرٹیز فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا،صوبے بھر کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو سرکاری زمینوں کی نشاندہی اور مارکیٹ ویلیو کے تعین کا ٹاسک سونپ دیا گیا،لاہور میں ایل ڈی اے سٹی کے کمرشل پلاٹس کی نیلامی سے ایک سو ارب روپے آمدن کا تخمینہ، سی بی ڈی پنجاب بھی نئی نیلامی کی تیاری میں مصروف ہے۔ سرکاری پراپرٹیز کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم میں پنجاب حکومت اپنا حصہ لے گی، آمدن ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کا حجم کم رکھنے کے بعد پنجاب حکومت نے اضافی وسائل جمع کرنے کی تیاری شروع کر دی۔ سرکاری زمینوں اور پلاٹس کی فروخت کے ذریعے ریونیو بڑھانے کے لیے صوبے کی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو متحرک کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق تمام اتھارٹیز کو اپنی حدود میں موجود سرکاری اراضی کی نشاندہی، اسیسمنٹ اور مارکیٹ ویلیو کا تعین کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔لاہور میں ایل ڈی اے اور سی بی ڈی پنجاب کو سرکاری پلاٹس کی فروخت کے ذریعے آمدن بڑھانے کا ہدف دیا گیا ہے۔