لاہور: مال روڈ پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں گورنمنٹ کالج لاہور کا فرسٹ ایئر کا طالبعلم فصیح الدین شدید زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ریس کورس کی حدود میں نامعلوم گاڑی نے طالبعلم کی موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے سے متعلق درج ایف آئی آر کے مطابق حادثے کے بعد زخمی طالبعلم کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔تھانہ ریس کورس پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مبینہ طور پر گاڑی کے ڈرائیور کا سراغ بھی لگا لیا گیا ہے، تاہم تاحال ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔دوسری جانب زخمی طالبعلم کے لواحقین نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ڈرائیور کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔