اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پی ایس بی کی جانب سے فنڈز نہ ملنے پر قومی ٹیم کی ورلڈ کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ ورلڈ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 12 سے 21 اکتوبر تک جرمنی کے شہر میونخ میں کھیلی جائے گی۔ جس میں دنیا بھر سے تقریباً 48 ممالک کے کھلاڑی قسمت آزمائی کریں گے۔ قومی ٹیم کی ورلڈ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے حوالے سے جب پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ ٹین پن باؤلنگ ٹورنامنٹ میں چار رکنی قومی ٹیم نے شرکت کرنی تھی اور چار رکنی قومی ٹیم میں احمر سلڈیرا، غضنفر بلال، دانیال الرحمٰن اور محمد معیز شامل ہیں۔ عالمی ٹائٹل کے حصول کے لئے دنیا بھر سے تقریباً 48 ممالک کے کھلاڑی مقابلہ کریں گے۔ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے نمایاں ممالک میں پاکستان، امریکہ، جرمنی، ملائیشیاء، سنگاپور، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، کویت، چین، کینیڈا، اسپین، فرانس، سویڈن، نیدرلینڈز، پولینڈ، ترکی، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ شامل ہیں۔