راولپنڈی، علیمہ خان کیخلاف 26نومبر کیس کا فیصلہ تیسری بار موخر

سہیل آفریدی کی درخواست پر سماعت بھی ملتوی،جج رخصت پر ہیں:عدالتی عملہ 
راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ تیسری بار موخرکرتے ہوئے 16 اکتوبر کو سنانے کی تاریخ مقرر کر دی ۔ علیمہ خان کے وکیل محمد فیصل ملک سمیت ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی، تاہم عدالتی عملے نے انہیں بتایا کہ جج ایک خصوصی کورس میں شرکت کے لئے رخصت پر ہیں۔انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے صادق آباد تھانے میں درج اس مقدمے کا فیصلہ پہلے ہی محفوظ کر رکھا تھا۔ فیصلے کا اعلان اس سے قبل بھی دو مرتبہ موخر کیا جا چکا ہے۔یہ مقدمہ 26 نومبر 2024 کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق ہے۔