لاہور(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو اقوام متحدہ کی جانب سے اسکرول آف آنر ایوارڈ ملنے پر مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے مبارکباد کی قرارداد اسمبلی میں جمع کرا دی۔ قرارداد میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو عالمی اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ان کی کارکردگی کا عالمی اعتراف اور پنجاب کے عوام کے لیے اعزاز قرار دیا گیا ہے۔قرارداد کے متن کے مطابق پنجاب حکومت نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران 2 لاکھ 20 ہزار افراد کو چھت فراہم کی، جبکہ مستحق افراد کو 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دینے کے اقدامات بھی کیے گئے۔ عوام کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ اس میں وزیراعلی پنجاب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ عالمی سطح پر ملنے والا یہ اعزاز صوبے کے لیے باعث فخر ہے۔ حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید آگے بڑھائے گی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔