وفاق نے انور مجید اور حسین لوائی سمیت 13 ملزموں کی بریت کیخلاف اپیلیں واپس لے لیں

 اپیلیں کیوں واپس لے رہے ہیں؟ ججز کا فیصلے پر حیرت کا اظہار ،ایسا ہی کہا گیا ہے ، وفاق کے وکیل کا جواب ،  ججز مسکرا دیئے،  اپیلیں نمٹا دی گئیں
اسلام آباد(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری کے ساتھ جعلی بینک اکائونٹس کیس کے شریک ملزمان انور مجید اور حسین لوائی سمیت 13 ملزمان کی بریت کے خلاف اپیلیں واپس لے لی گئیں۔وفاقی حکومت کے فیصلے پر سندھ ہائی کورٹ کے ججز نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اپیلیں کیوں واپس لے رہے ہیں؟ وفاق کے وکیل نے اس پر کہا   انہیں ایسا ہی کہا گیا ہے، وفاق کے وکیل کے جملے پر ججز مسکرا دیئے۔یاد رہے کہ تمام 13 ملزموں کو بینکنگ کورٹ نے 17 ستمبر 2026 کو بری کیا تھا، کیس کے ملزمان میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید، غنی مجید ،حسین لوائی، طحہ رضا اور دیگر شامل تھے۔ایف آئی اے نے شواہد نہ ملنے کا کہہ کر فریال تالپور کا نام ضمنی چالان سے نکال دیا تھا، عدالت نے وفاق کی درخواست منظور کرکے اپیلیں نمٹا دیں۔