اپیل دائر کرنے کی منظوری کا اختیار پہلے حکومت کے پاس تھا لیکن اب یہ اختیار سیکرٹری پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کر دیا جائے گا
لاہور (آن لائن)پنجاب اسمبلی میں فوجداری قانون میں اصلاحات کے لیے کوڈ آف کریمنل پراسیجر ترمیمی بل 2025 پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد مجرموں کی بریت کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کے عمل کو آسان اور مؤثر بنانا ہے۔ترمیم کے مطابق اپیل دائر کرنے کی منظوری کا اختیار پہلے حکومت کے پاس تھا، لیکن اب یہ اختیار سیکرٹری پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کر دیا جائے گا۔ اس سے پہلے پبلک پراسیکیوٹرز کو اپیل دائر کرنے کے لیے حکومت سے درخواست کرنی پڑتی تھی، جبکہ ترمیم کے بعد وہ براہِ راست سیکرٹری پراسیکیوشن کو درخواست دے کر اپیل دائر کر سکیں گے۔بل میں فوجداری فیصلوں پر نظرثانی کے عمل کو تیز کرنے، کاغذی کارروائی اور قانونی پیچیدگیوں کو کم کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں، تاکہ جرائم کے کیسز میں اپیل کا عمل جلد اور مؤثر ہو سکے۔متعلقہ قائمہ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بل کے حوالے سے دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے، جس کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا۔ بل کی حتمی منظوری کے بعد گورنر پنجاب اسے قانونی شکل دیں گے۔