پنجاب کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ وزیراعلی نے 2820 بھرتیوں کی منظوری دیدی

 ہر خالی جگہ پر درخت اور پھول اگائے جائیں، پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور گائوں کو درختوں اور پودوں سے سجا اور پھولوں سے مہکتا دیکھنا چاہتی ہوں
 موسم کے مطابق پھولدار پودے لگانے کیلئے ماہانہ پلان مرتب  اور ہر ڈسٹرکٹ پی ایچ اے کا ریسورس پلان پیش کیا جائے:مریم نواز کی ہدایات
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز(پی ایچ اے) قائم کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ اداروں کیلئے  2820 تکنیکی آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز کے قیام، شجرکاری، پارکوں کی بحالی اور شہروں کو سرسبز و خوبصورت بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 10 اضلاع میں پی ایچ اے پہلے ہی فعال ہیں، جبکہ مزید 11 اضلاع میں نئی اتھارٹیز قائم کردی گئی ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مزید 20 اضلاع میں پی ایچ اے کے قیام کیلئے جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں پنجاب کی ہر تحصیل میں بھی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز قائم کی جائیں گی۔وزیراعلی نے ہر تحصیل، شہر اور گاں کی سطح پر مرحلہ وار شجرکاری اور پھولدار پودے لگانے کے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر خالی جگہ پر درخت اور پھول اگائے جائیں، وہ پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور گائوں کو درختوں اور پودوں سے سجا اور پھولوں سے مہکتا دیکھنا چاہتی ہیں۔مریم نواز شریف نے موسم کے مطابق پھولدار پودے لگانے کیلئے ماہانہ پلان مرتب کرنے کا حکم دیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ضلع میں پی ایچ اے کے زیر انتظام ان ہاس نرسری قائم کی جائے گی، جہاں شجرکاری اور موسمی پھولوں کے لیے پودے تیار کرکے شہریوں کو کم قیمت پر فراہم کیے جائیں گے