بجلی چوری میں ملوث 2ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

بصیرپور(خصوصی رپورٹ)چیف ایگزیکٹولیسکو رمضان بٹ کے حکم پر ایس ای اوکاڑہ انجینئر سیدقربان علی شاہ ،ایکسین حجرہ انجینئر اظہرعلی پیرزادہ کی زیرنگرانی لیسکوبصیرپورسب ڈویڑن کی ٹیم نے محلہ غوث پورہ میں کارروائی کر کے لیسکواورمیپکوکے ریجنزمیں بجلی کے صنعتی،کمرشل وگھریلومیٹرڈیجیٹل آلات سے ریورس اور سست کرنے کے ماہردوملزموں کورنگے ہاتھوں پکڑلیاجنکے موبائل ڈیٹاسے بڑے بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آنے کاامکان ہے۔ کچھ عرصہ سے بصیرپورمیں بجلی کے متعدد میٹروں سے تکنیکی اندازمیں وسیع بجلی چوری کرکے واپڈاکوماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایاجارہاتھاجس پرلیسکوٹیم مشکوک صارفین کی روزانہ کی بنیادپر نگرانی کررہی تھی۔گزشتہ شب ڈیجیٹل چوری کا ماسٹرمائنڈسرفرازکھوکھر ساکن ٹپلاہنی اوراسکاشاگردانتظاربھٹی محلہ غوث پورہ میں رات ساڑھے دس بجے لیپ ٹاپ ،ڈیوائسزاورسافٹ ویئرزکے ذریعے صارف عارف وٹو کے بجلی کے میٹرپر 900یونٹ ریورس کررہے تھے کہ اسسٹنٹ مینجر آپریشن بصیرپور آصف سہیل اپنی ٹیم اورایس ایچ او عدنان رفیق وپولیس نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئے اورانہیں پکڑلیا جس پرملزموں نیلیسکوٹیم سے ہاتھاپائی کی تاہم پولیس نے انہیں قابوکرلیا۔ ملزموں کے قبضہ سے لیپ ٹاپ،چوری میں استعمال ہونے والی ڈیجیٹل ڈیوائسز،میٹربنانے والی کمپنیوں کے سافٹ ویئرزسمیت ہیکنگ آلات بر آمدکرلئے گئے۔