کراچی کے جامعہ کراچی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سوشل ورک ڈپارٹمنٹ کی سیکنڈ ایئر کی طالبہ انیقہ سعید کو ایک پوائنٹ بس نے روند دیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب انیقہ بس سے اتر رہی تھی اور اسی دوران بس ریورس کرنے لگی، جس کے نتیجے میں وہ بس کی زد میں آ گئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔اس واقعہ کے بعد جامعہ میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی، اور طلبہ نے احتجاج شروع کر دیا۔ انہوں نے جامعہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے جامعہ میں ٹریفک کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ جامعہ میں ٹریفک کے حوالے سے کوئی واضح نظام موجود نہیں، نہ ہی اسپید بریکرز یا سائن بورڈز لگائے گئے ہیں، جس کی وجہ سے طلبہ کی جانیں خطرے میں ہیں۔ انہوں نے جاں بحق طالبہ کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ مبینہ ٹاؤن پولیس کے مطابق بس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم جاں بحق طالبہ کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے لواحقین نے جلد از جلد لاش کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا سے بات چیت جاری ہے اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔