مشہور بھارتی فلم "جھنڈ" میں امیتابھ بچن کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھانے والے نوجوان اداکار پریانشو (اصلی نام بابو روی سنگھ چھیتری) کو ان کے قریبی دوست نے مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 سالہ پریانشو اور ان کا دوست دھرو لال بہادر اکثر ایک ساتھ شراب نوشی کرتے تھے۔ منگل کی رات دونوں جاری پٹکا کے علاقے میں ایک ویران مکان میں گئے جہاں کسی بات پر جھگڑا ہو گیا۔پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران پریانشو نے دھرو کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی، جس کے بعد وہ سو گیا۔ اسی دوران دھرو نے پریانشو کے ہاتھ پاؤں پلاسٹک کی تاروں سے باندھے اور تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا۔بدھ کی صبح مقامی لوگوں نے پریانشو کو نیم برہنہ اور زخمی حالت میں دیکھا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے۔ ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے اور ملزم دھرو لال بہادر کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، نشے کے دوران ہونے والا معمولی جھگڑا ہی اس ہولناک قتل کی وجہ بنا۔
پریانشو نے 2022 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم "جھنڈ" میں ایک اہم معاون کردار ادا کیا تھا، جس میں امیتابھ بچن مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئے تھے۔نوجوان اداکار کی المناک موت پر مداحوں، ساتھی فنکاروں اور فلمی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔