عمران خان اور بشریٰ بی بی سے وکلا کی ملاقات کب ہوگی؟ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے وضاحت کردی

عمران خان اور بشریٰ بی بی سے وکلا کی ملاقات کب ہوگی؟ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے وضاحت کردی

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے وکلا کی ملاقات کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا کی جانب سے ایک روز قبل اطلاع دینے پر عدالتی حکم کے مطابق ملاقات کا انتظام کردیا جائے گا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے وکلا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی ملاقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لطیف کھوسہ صاحب کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ جس دن ملاقات کرنا چاہتے ہیں، اس سے ایک روز قبل اطلاع دے دیں۔انہوں نے کہا کہ جس روز لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر ملاقات کی درخواست کریں گے، اسی روز ملاقات کروا دی جائے گی۔ عدالتی حکم کے مطابق وکلا کو ایک گھنٹے کی ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے گا۔نوید حیات ملک کا مزید کہنا تھا کہ اگر لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کل ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو ان کی ملاقات کل ہی کروا دی جائے گی۔ اس حوالے سے وکلا کو اپنی دستیابی سے ایک دن پہلے آگاہ کرنا ہوگا تاکہ انتظامات کیے جاسکیں۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ ملاقات کے بعد وکلا کو آئندہ سماعت پر اپیلوں کے حوالے سے اپنے دلائل پیش کرنا ہوں گے۔