ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ

ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ

سیالکوٹ: ڈسکہ میں مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہونے کے مقدمے میں ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسکہ روڈ پر منعقدہ مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 18 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کردی تھی۔ مقدمہ تھانہ موترہ میں درج کیا گیا تھا۔ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو نے اس مقدمے میں ڈسکہ کی عدالت سے 10 نومبر تک عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، تاہم مقررہ تاریخ پر سماعت کے دوران وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدم حاضری پر عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منسوخ کردی۔دوسری جانب مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان ریحان کے لواحقین کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے الزام میں بھی انصر عرف پتلو کے خلاف ایک الگ مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس مقدمے میں تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے انہیں گزشتہ روز گرفتار کرلیا تھا۔