فضائی آلودگی کی مجموعی اوسط شرح 218 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی،صورتحال بہتر ہورہی ،مریم اورنگزیب
لاہور(خصوصی رپورٹ )لاہور گزشتہ روز بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست رہا، فضائی آلودگی کی مجموعی اوسط شرح 218 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹائون میں فضائی آلودگی کی شرح انتہائی بلند سطح پر پہنچ گئی جہاں 1063 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے، جبکہ گلبرگ ٹو میں آلودگی کی زیادہ سے زیادہ شرح 328 ریکارڈ ہوئی۔فضائی آلودگی کے اعتبار سے دیگر شہروں میں ملتان 650، پشاور 390، فیصل آباد 340 اور سکردو 321 پارٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ شامل رہے۔دوسری طرف سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے دعوی کیا ہے کہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کم ہو کر 208 پر آ گیا ہے، سرحد پار دیوالی کی آتش بازی سے آنے والی آلودگی کے باوجود شہر میں فضائی معیار میں بہتری ریکارڈ کی جا رہی ہے،مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت کے اداروں کی مسلسل محنت، بہتر موسمی حالات، مو?ثر سموگ کنٹرول آپریشنز، ہوا کی رفتار میں اضافے اور مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ کے باعث فضائی آلودگی میں کمی آ رہی ہے۔ تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔