لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے فٹبال کی عالمی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے رقم کر دیا۔
ارجنٹائن کے کپتان نے آسٹریا کے خلاف گروپ جے کے میچ میں گول اسکور کرکے ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 17 تک پہنچا دی، جس کے ساتھ وہ مردوں کے ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔امریکا کے شہر ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ کے 38ویں منٹ میں میسی نے شاندار انداز میں گیند کو جال میں پہنچایا۔ انہیں فاکونڈو میڈینا کی جانب سے بائیں جانب سے عمدہ پاس ملا، جس پر انہوں نے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے بائیں پاؤں سے زبردست شاٹ لگایا اور گول اسکور کر دیا۔ اس گول کے ساتھ انہوں نے جرمنی کے لیجنڈ میروسلاف کلوز کا 16 ورلڈ کپ گولز کا ریکارڈ توڑ دیا، جو 2014 سے قائم تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی کے پاس ریکارڈ توڑنے کا پہلا موقع میچ کے نویں منٹ میں آیا تھا جب ارجنٹائن کو پنالٹی ملی، تاہم 38 سالہ سپر اسٹار اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور ان کی پنالٹی ہدف سے باہر چلی گئی۔ لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور پہلے ہاف کے دوران ہی تاریخی گول کرکے اپنے مداحوں کو جشن منانے کا موقع فراہم کر دیا۔
میسی 2026 کے ورلڈ کپ میں اپنے گزشتہ پانچ عالمی کپ ایڈیشنز کے 13 گولز کے ساتھ داخل ہوئے تھے۔ اس ٹورنامنٹ میں الجزائر کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد وہ کلوزے کے ریکارڈ کی برابری تک پہنچے تھے، جبکہ آسٹریا کے خلاف گول نے انہیں تنہا سرفہرست مقام دلا دیا۔میسی کا ورلڈ کپ سفر 2006 میں شروع ہوا تھا، جب انہوں نے سربیا و مونٹی نیگرو کے خلاف اپنا پہلا ورلڈ کپ گول اسکور کیا۔ 2010 کے عالمی کپ میں وہ گول کرنے میں ناکام رہے، تاہم 2014 میں چار، 2018 میں ایک اور 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں سات گول اسکور کیے۔ قطر میں ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے عالمی ٹائٹل جیتا، جبکہ فائنل میں فرانس کے خلاف ان کے دو گول فیصلہ کن ثابت ہوئے۔
ورلڈ کپ کے اس نئے ریکارڈ کے ساتھ میسی پہلے ہی کئی تاریخی اعزازات اپنے نام کر چکے ہیں۔ وہ آٹھ مرتبہ بیلن ڈی آر جیتنے والے دنیا کے واحد فٹبالر ہیں۔ اس کے علاوہ 2012 میں ایک کیلنڈر سال کے دوران 91 گولز، ایف سی بارسلونا کے لیے 672 گولز اور لا لیگا کی تاریخ میں 474 گولز کے ریکارڈ بھی ان کے نام ہیں۔الجزائر کے خلاف میچ میں شرکت کے ساتھ میسی ورلڈ کپ کی تاریخ میں چھ عالمی کپ کھیلنے والے پہلے فٹبالر بھی بن گئے تھے، جبکہ ان کے دیرینہ حریف کرسٹیانو رونالڈو نے بعد ازاں اسی ٹورنامنٹ میں اس کارنامے کی برابری کی۔
مزید برآں، میسی اب برازیل کی عظیم خاتون فٹبالر Marta کے ساتھ مردوں اور خواتین کے ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے زیادہ 17 گولز اسکور کرنے کا مشترکہ اعزاز بھی رکھتے ہیں، جس سے ان کی عظمت کو مزید تقویت ملی ہے۔