مسقط: انڈر 19 ایشیا کپ کے بارہویں میچ میں نیپال نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ عمان کے الامیرات کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ فاسٹ بولر علی رضا کی جگہ محمد حذیفہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ علی رضا اب انجری کا شکار ہونے والے عاکف جاوید کے متبادل کے طور پر رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں ایمرجنگ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔پاکستان ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کر رہے ہیں۔ دفاعی چیمپئن پاکستان پہلے ہی گروپ اے سے سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے، اس لیے نیپال کے خلاف میچ میں ٹیم کی کوشش گروپ مرحلے کا اختتام کامیابی کے ساتھ کرنے کی ہوگی۔
دوسری جانب نیپال کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے اور ایونٹ میں اس کا یہ آخری گروپ میچ ہے۔گروپ اے کے دوسرے میچ میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس مقابلے کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلے گی، جہاں پہلے سے کوالیفائی کرنے والی پاکستان ٹیم بھی موجود ہوگی۔