پاکستان کی سعودی عرب میں آرامکو کی عمارت پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت

پاکستان کی سعودی عرب میں آرامکو کی عمارت پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثیوں کی جانب سے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔ انہوں نے اس حملے کی کوشش کا مقابلہ کرنے کے لیے سعودی حکام کے فوری ردعمل کو بھی سراہا۔

پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔