کراچی(آئی این پی ) پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ نے نئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے مبینہ پولیس مقابلوں میں تمام ہلاکتیں زیرِ حراست اموات تصور ہوں گی۔ میڈیارپورٹ کے مطابق پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر سمیعہ سید نے ایک اہم اور بڑا حکم نامہ جاری کیا، جس کے تحت مبینہ پولیس مقابلوں میں ہونے والی تمام ہلاکتوں کو قانونی طور پر زیرِ حراست اموات تصور کیا جائے گا۔ یہ حکمنامہ میڈیکو لیگل افسران کو ارسال کیا گیا ،جس مین تمام ایم ایل اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مبینہ مقابلوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے سرٹیفکیٹ ڈیڈ آن ارائیول پروٹوکول کے مطابق جاری کیے جائیں گے۔مبینہ مقابلوں میں ہلاکت کے تمام کیسز ضابطہ فوجداری کے تحت تفتیش اور کارروائی کے لیے علاقہ مجسٹریٹ کو بھیجے جائیں گے۔پوسٹ مارٹم کیلئے میڈیکل ٹیم/بورڈ کا تعین پولیس سرجن کراچی خود کریں گی۔حکم نامے میں کہا گیا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران لاش پر موت کے بعد نمودار ہونے والے نشانات کی کیفیت اور تفصیلات درج کرنا لازمی ہوگا جبکہ جسم پر موجود تمام زخموں کی کل تعداد اور ان کے دقیق مقامات کی نشاندہی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔میڈیکو لیگل افسر ابتدائی سرٹیفکیٹ میں گولی کے داخل ہونے اور خارج ہونے کے زخموں کا حتمی تعین نہیں کرے گا۔لاش کو ہسپتال منتقل کرنے والے متعلقہ پولیس افسر یا اہلکار کے تمام شناختیائف اور دستخط میڈیکو لیگل ریکارڈ کا حصہ بنانا لازمی قرار دیے گئے ہیں۔