سرگودھا(آئی این پی )سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کو ایک بڑا سیاسی اور تنظیمی جھٹکا لگا ہے، جہاں پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری فہد حمید کمبوہ نے اپنے عہدے سے استعفی دیتے ہوئے اپنی راہیں جدا کر لیں۔ ذرائع کے مطابق فہد حمید کمبوہ نے اپنے استعفے کی کاپی جاری کرتے ہوئے جے یو آئی (ف )سے الگ ہونے کی تصدیق کی ہے،ان کے اس اقدام کو ضلع سرگودھا میں پارٹی کی مقامی تنظیم اور سیاسی سرگرمیوں کے لئے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ فہد حمید کمبوہ نے اپنے استعفے میں پارٹی کی حالیہ سیاسی پوزیشنز اور بیانات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ سیاسی موقف قومی یکجہتی، آئینی ذمہ داریوں اور ریاستی اداروں کے احترام کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔ اپنے تحریری استعفے میں انہوں نے مذکورہ سیاسی موقف سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے فوری طور پر جماعتی عہدہ چھوڑ دیا۔ استعفے کی تاریخ 9 نومبر 2026 ہے جو جے یو آئی (ف) کے حوالے سے ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے۔