ڈیفنس کی نور کے خلاف مقدمہ سینئر ٹریفک وارڈن ساجد خلیل کی مدعیت میں درج کیا گیا
پولیس نے 9 نومبر کو خاتون ڈرائیور نور کو لیڈی کانسٹیبل سونیا کے ہمراہ کارروائی کرتے گرفتار کیا
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس خطرناک اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے پر تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ اہم شاہراہ پر زگ زیگ ڈرائیونگ اور تیز رفتاری سے شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے پر تھانہ نصیر آباد میں غفلت اورتیز رفتاری کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ڈیفنس کی رہائشی نور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ سینئر ٹریفک وارڈن ساجد خلیل کی مدعیت میں دفعہ 279 کے تحت درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق واقعہ 9 نومبر کو سی بی ڈی روڈ پر پیش آیا، جہاں ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے۔ اس دوران ایک کار تیز رفتاری اور غفلت کے ساتھ زگ زیگ انداز میں چلتی ہوئی آئی۔ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے لیڈی کانسٹیبل سونیا کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے خاتون ڈرائیور نور کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔