بچہ بچہ جانتا ہے ستھرا پنجاب میں کیا ہورہا ہے:چودھری حسین الہٰی

پنجاب حکومت کے نزدیک صرف لاہور ہی سب کچھ ہے جبکہ دیگر اضلاع کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے
11 ارب کا جہاز زیادہ ضروری تھا یا ہمارے حلقوں کی ترقی؟مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی کا خطاب
 گجرات (یواین پی) پاکستان مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی نے پنجاب حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود اور حلقوں کی ترقی زیادہ ضروری تھی یا 11 ارب روپے کا جہاز خریدنا؟ پنجاب حکومت کے نزدیک صرف لاہور ہی سب کچھ ہے جبکہ دیگر اضلاع کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔قلعہ اسلام نگر میں منعقدہ شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  دعوے کیے جاتے ہیں کہ پنجاب میں کسی قسم کی کوئی بدعنوانی نہیں ہو رہی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ صاف ستھرا پنجاب کے دعوؤں کی اصل قلعی کھل چکی ہے اور بچے بچے کو معلوم ہے کہ صوبے میں کیا کچھ ہو رہا ہے۔حکومت کی اتحادی جماعت کے رکن قومی اسمبلی نے شکوہ کیا کہ پنجاب حکومت کے نزدیک لاہور کے علاوہ کسی دوسرے شہر کی کوئی اہمیت نہیں ہے، صوبائی دارالحکومت میں پہلے سے بنی ہوئی اچھی بھلی سڑکوں کو اکھاڑ کر بار بار دوبارہ بنایا جا رہا ہے، لیکن جب لاہور سے باہر کے پسماندہ حلقوں میں ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی باری آتی ہے تو حکومتی خزانہ خالی ہونے کا رونا رویا جاتا ہے اور فنڈز نہ ہونے کا بہانہ بنایا جاتا ہے۔حکومتی اخراجات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک الفاظ میں پوچھا کہ عوام کو بنیادی سہولتیں دینے کے بجائے 11 ارب روپے مالیت کا طیارہ یا جہاز خریدنا زیادہ ضروری تھا یا پھر عوام کے حلقوں کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی؟ عوام کے ٹیکس کا پیسہ اس طرح کے شاہانہ اخراجات پر خرچ کرنا عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔