پنجاب میں شدید گرمی زراعت اور غذائی تحفظ کے لئے خطرہ بن گئی اقوامِ متحدہ

یہ خطرہ اربوں افراد کے روزگار کو متاثر کرنے کے  ساتھ کمزور زرعی برادریوں کو معاشی اور غذائی نقصان پہنچا رہا ہے:رپورٹ
اسلام آباد(آئی این پی )اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ  پنجاب کے بارانی دیہی علاقوں میں گرمی کی لہروں کی بڑھتی ہوئی شدت اور تعداد زرعی پیداوار کو متاثر کر رہی ہے، جس کے باعث گھریلو آمدنی میں کمی اور غذائی عدم تحفظ میں اضافہ ہو رہا ہے، اس صورتِ حال سے بالخصوص خواتین اور کمزور طبقات زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔یہ بات اقوامِ متحدہ کے اداروں کی ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے ۔ جائزہ رپورٹ شدید گرمی اور زراعتاقوامِ متحدہ کے اداروں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن اور ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے مشترکہ طور پر جاری کی ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت عالمی غذائی پیداوار کو درپیش سنگین ترین اور فوری خطرات میں سے ایک بن چکا ہے، یہ خطرہ اربوں افراد کے روزگار کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ کمزور زرعی برادریوں کو فوری معاشی اور غذائی نقصان پہنچا رہا ہے۔اقوامِ متحدہ کے اداروں کے مطابق پنجاب کے زیادہ بارش والے علاقوں میں پھلوں کی پیداوار میں 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، شدید گرمی کے زرعی پیداوار پر اثرات انتہائی واضح ہیں، کیونکہ گرمی کی لہروں کے باعث فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔خطے میں مویشی پالنے کا شعبہ بھی شدید متاثر ہو رہا ہے، شدید گرمی کے دبا کے باعث بڑے جانوروں میں دودھ کی پیداوار کم ہو جاتی ہے، جبکہ چھوٹے مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری پھیلنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔زراعت پر انحصار کرنے والے دیہی خاندانوں کے لیے زرعی پیداوار میں کمی کا براہِ راست مطلب گھریلو آمدنی میں کمی ہے، جس سے بنیادی غذائی اشیا خریدنے کی ان کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔اس بحران میں مزید شدت اس وجہ سے آ رہی ہے کہ شدید گرمی میں سبزیوں، دودھ اور دیگر جلد خراب ہونے والی اشیا کے ضائع ہونے کی رفتار بڑھ جاتی ہے۔ خوراک کا اس بڑے پیمانے پر ضائع ہونا مقامی منڈیوں میں غذائی اشیا کی دستیابی کم کرتا ہے اور قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔