مریم نواز کو ایجنسیوں کی جانب سے پبلک میں جانے سے منع کیا گیا، مشکوک اور حساس قسم کے تھریٹ تھے لیکن وہ بولڈ اقدامات لینے کی عادی ہیں
سیاست یا ریاست میں کوئی بھی چیز حرفِ آخر نہیں ہوتی، حالات اور وقت کے تقاضوں کے مطابق ملک اور عوام کے مفاد میں فیصلے کرنے پڑتے ہیں
لاہور(آئی این پی )پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے وزیراعلی پنجاب مریم نواز عوامی پذیرائی سے خوفزدہ عناصر اور سازشی ٹولوں کے باوجود عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، بعض عناصر اور سسٹم میں موجود کچھ لوگ مریم نواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں لیکن وہ دبا میں آنے والی نہیں ہیں۔ایک انٹرویو میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے اٹک کے دورے کے موقع پر مشکوک اور انتہائی حساس نوعیت کے تھریٹس موجود تھے، اسی بنا پر مریم نواز کو عوامی اجتماعات میں جانے سے منع کیا گیا تھا، تاہم مریم نواز ہمیشہ سے جرات مندانہ اور بولڈ اقدامات لینے کی عادی ہیں اور وہ اس قسم کے ڈرانے دھمکانے والے حربوں سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سازشیں کرنے والے سازشیں کرتے رہیں گے جبکہ خدمت کرنے والوں کے قافلے مسلسل چلتے رہیں گے، کچھ ایسی سیاسی جماعتیں ہیں جنہیں ٹانگہ پارٹی قرار دیا جاتا ہے اور کچھ ایسے کردار بھی سسٹم کے اندر موجود ہیں جو مریم نواز کی کارکردگی اور سیاسی قدامت کو اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں، ان تمام عناصر اور ان کے مذموم خیالات کا حکومتی مشینری کو بخوبی علم ہے، اس کے باوجود حکومت پنجاب عوامی خدمت کے ایجنڈے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب حکومت پر لگائے جانے والے کرپشن کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے پنجاب میں کرپشن کی الماریاں بھرنے جیسے بے بنیاد الزامات ہرگز قابلِ برداشت نہیں ہیں، بعض اوقات انتظامی نوعیت کے فیصلے متعلقہ محکمے خود کرتے ہیں لیکن اس پر تنقید بلاوجہ وزیراعلی مریم نواز پر کی جاتی ہے حالانکہ ان فیصلوں میں ان کا کوئی ذاتی عمل دخل نہیں ہوتا، مریم نواز نے اس قسم کے معاملات پر کئی بار سختی سے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔نئے صوبوں کے قیام جیسے حساس اور دیرینہ سیاسی معاملے پر انہوں نے کہا کہ سیاست یا ریاست میں کوئی بھی چیز حرفِ آخر نہیں ہوتی، حالات اور وقت کے تقاضوں کے مطابق ملک اور عوام کے مفاد میں فیصلے کرنے پڑتے ہیں