سمیع اللہ ملک(دوسری قسط)
یہ محض ایک تقریب کی مالی حیثیت کاسوال نہیں۔یہ اپنے محسن کی فکری میراث کے ساتھ وفاداری کاسوال ہے۔یہ دکھ اس لیے زیادہ گہرا ہوجاتاہے کہ ہم اقبال کے اشعارکواپنی قومی شناخت،سیاسی خطابات اوراجتماعی جذبات کاحصہ توبناتے ہیں،لیکن ان کے فکروفلسفے کو نئی نسل کی علمی تربیت میں مرکزی مقام دینے کیلئے درکارمسلسل محنت اورسرمایہ کاری پروہ توجہ نہیں دیتے جس کی ضرورت ہے۔عقیدت کاحق صرف محبت کے اظہارسے ادانہیں ہوتا؛اس کااصل امتحان عمل کی دنیامیں ہوتاہے۔
اقبال کے شیدائیوں کیلئے اس سے زیادہ دردناک اندیشہ کیاہوگاکہ کہیں ان کے محبوب مفکرکی عظمت محض سالانہ خطابات کاموضوع بن کرنہ رہ جائے اوران کی فکرکے حقیقی تقاضے ہماری اجتماعی زندگی سے دورہوتے چلے جائیں؟ اس قومی اضطراب کے لمحے میں دل چاہتاہے کہ نہایت ادب،خلوص اور دلسوزی کے ساتھ فیلڈمارشل سیدعاصم منیراورافواجِ پاکستان سے ایک دردمندانہ سوال کیاجائے:آپ اس فوج کے سپہ سالارہیں جس کے جوانوں کی جرات،استقامت،بلندحوصلگی اورعزمِ صمیم کوبیان کرنے کیلئے قوم اکثرحضرت علامہ محمد اقبال کے شاہین،مردِمومن اورفلسف خودی کے استعاروں سے روشنی حاصل کرتی ہے۔اقبال نے فرمایاتھا:
توشاہیں ہے،پروازہے کام تیرا
ترے سامنے آسماں اوربھی ہیں
یہ شاہین محض قوت وشجاعت کی علامت نہ تھا؛اس کے وجودمیں خودداری،بلند نگاہی،آزادی فکر،کردارکی پاکیزگی اورمسلسل جدوجہدکا ایک مکمل فلسفہ پوشیدہ تھا۔اقبال نے اپنی شاعری میں جس مردِمومن کی تصویرپیش کی،اس میں قوت کے ساتھ اخلاق،جرات کے ساتھ حکمت اورعزم کے ساتھ ذمہ داری کی عظمت جلوہ گرتھی۔یہی وہ فکری روایت ہے جس سے ہماری قومی زندگی میں عزم واستقلال کے بے شمار استعارے اخذکیے جاتے ہیں۔
جنابِ فیلڈمارشل!ذراتصورکیجیے کہ جب اسی اقبال کے تاریخی سالِ ولادت کے موقع پران کے نام سے منسوب قومی ادارے کی مالی اورعلمی ضروریات کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں،توان سوالات کی معنویت ان نوجوان سپاہیوں کیلئے کیاہوگی جنہیں قوم اقبال کے شاہینوں سے تشبیہ دیتی ہے؟کیایہ ہمارے اجتماعی ضمیر کیلئے ایک تکلیف دہ تضادنہیں کہ ہم اقبال کے کلام سے قومی جرات اورسربلندی کاپیغام تواخذ کرتے ہیں،مگران کے فکری ورثے کے تحفظ کیلئیمضبوط اورخود کفیل علمی اداروں کی ضرورت پرمسلسل سوال اٹھاناپڑتاہے؟وہ نوجوان جووطن کی حفاظت کی ذمہ داریاں اداکرتے ہیں،ان کے سامنے اقبال کے کرداراورعمل کاتصورایک بلنداخلاقی مثال کے طورپر پیش کیاجاتاہے۔ایسے میں یہ سوال پوری قوم کیلئے اہم ہے کہ اس عظیم مفکرکے افکارکی حفاظت اورآنے والی نسلوں تک ان کی درست تفہیم منتقل کرنے کی ذمہ داری ہم کس سنجیدگی سے اداکر رہے ہیں؟
جنابِ فیلڈمارشل!یہ خطاب کسی غیرآئینی مداخلت کی درخواست نہیں،نہ ہی اس میں کسی ایسے حکومتی اختیارکے استعمال کی توقع ہے جومسلح افواج کے دستوری دائر کارسے باہرہو ۔ یہ تو قومی تاریخ اورفکری ورثے سے وابستہ ایک دردمندانہ سوال ہے،جس کی اخلاقی معنویت افواجِ پاکستان سمیت ہرقومی ادارے اورہرپاکستانی کیلئے قابلِ غور ہے۔قوم یہ سوال آپ سے اس لئے پوچھ رہی ہے کہ آپ نے گزشتہ برس مئی کے معرکہ حق میں قوم کانام ساری دنیامیں یہ کہہ کربلندکیاکہ آپ سمیت ساری قوم نے اپنی آنکھوں سے اللہ کی نصرت کواترتے ہوئے دیکھااورآج اقوام عالم میں پاکستان کانام باعثِ احترام بن گیاہے۔
یقینااس کاعملی اورانتظامی جواب بہرحال ان منتخب حکومتوں،پارلیمانی اداروں اورمتعلقہ وزارتوں ہی کودیناہے جن پرقومی وسائل کی تقسیم اورعلمی اداروں کی سرپرستی کی ذمہ داری عائدہوتی ہے لیکن اقبال کے شاہینوں کاذکر کرنے والی قومی روایت کے سامنے یہ سوال ضروررکھاجاسکتاہے کہ کیااس عظیم مفکرکے علمی ورثے کی حفاظت بھی ہماری اجتماعی قومی خود داری کاایک بنیادی تقاضا نہیں؟کیاہم اقبال کی شاعری سے حوصلہ توحاصل کرتے رہیں،مگران کے فکروفلسفے کے مستقل علمی تحفظ کومناسب اہمیت نہ دیں؟جس اقبال کے شاہینوں کی مثال دے کرقوم اپنے جوانوں کی بلندحوصلگی کوخراجِ تحسین پیش کرتی ہے،کیااسی اقبال کی علمی میراث کوسربلنداور مستحکم اداروں کے ذریعے آئندہ نسلوں تک پہنچاناہماری مشترکہ قومی ذمہ داری نہیں؟یہ وہ سوال ہے جوکسی ایک شخصیت سے کہیں بڑھ کرپورے قومی ضمیرکے سامنے کھڑا ہے۔
ذراچشمِ تصورسے وہ منظردیکھئے! کہ حضرت اقبال آج اس سرزمین کی طرف دیکھ رہے ہیں جس کے سیاسی مستقبل کے تصورکوانہوں نے اپنی فکری بصیرت سے روشن کیا تھا۔ایک طرف اقتدار کے ایوان،حکومتی تقریبات،سیاسی تشہیرکی چکاچوند،سرکاری دعوں کاشور اورنمائشی اہتمام کاسلسلہ ہے۔دوسری جانب وہ اپنی فکری میراث کی حفاظت،اپنے فلسفے کی تحقیق اوراپنے پیغام کی عالمی ترویج کیلئے قائم اداروں کی علمی ومالی حیثیت کاجائزہ لے رہے ہیں۔ اگرآج اقبال اپنے پاکستان کو دیکھتے ،ان کے دل پر کیا گزرتی؟یہ سوال تاریخی حقیقت کادعویٰ نہیں،بلکہ ہمارے اجتماعی کردارکاایک اخلاقی استعارہ ہے۔شاید اقبال ہم سے یہ نہ پوچھتے کہ ان کی سالگرہ پرکتنی تقریبات منعقدہوئیں،کتنے مندوبین شریک ہوئے یاکتنے اخبارات میں ان کی تصاویرشائع ہوئیں۔شایدان کاسوال یہ ہوتاکہ جس قوم کوخودی کی دولت عطاکرنے کی کوشش کی گئی،اس نے اپنے علم،کردار،اجتماعی خودداری اورنئی نسل کی تربیت کیلئے کیاکیا؟اقبال نے فرمایا:
خودی کوکربلنداتناکہ ہرتقدیرسے پہلے
خدابندے سے خودپوچھے،بتاتیری رضاکیاہے
یہ شعرمحض انسانی عظمت کااعلان نہیں؛یہ کردارکی تعمیر،مسلسل محنت،اخلاقی ذمہ داری اوربلندمقصدکیلئے جدوجہدکاپیغام ہے لیکن ہماری اجتماعی زندگی میں اس پیغام کی عملی جھلک کتنی نمایاں ہے؟ہم اقبال کے شاہین کی مثالیں دیتے ہیں،مگر نئی نسل کیلئے علم و تحقیق کی بلندپروازکے کتنے مواقع پیداکرتے ہیں؟ہم ان کے فلسفہ خودی پرتقریریں کرتے ہیں،مگراپنے قومی علمی اداروں کومستحکم بنانے کیلئے کتنی سنجیدہ اورمسلسل منصوبہ بندی کرتے ہیں؟ہم ان کی عظمت کے اعتراف میں الفاظ کے پھول نچھاورکرتے ہیں،مگران کی فکرکوجدیدعہدکے اخلاقی،سائنسی،معاشی اورتہذیبی سوالات سے مربوط کرنے کیلئے کتنی علمی سرمایہ کاری کرتے ہیں؟یہی وہ سوالات ہیں جن کے جواب ہمارے قومی کردارکی حقیقی تصویرپیش کریں گے۔
ہرسال یومِ اقبال پران کے مزارپرحاضری دی جاتی ہے،پھولوں کی چادریں چڑھائی جاتی ہیں،سرکاری شخصیات خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں اورحکومتی بیانات میں ان کے افکارکو قومی رہنمائی کاسرچشمہ قراردیاجاتاہے۔یہ تمام روایات اپنی جگہ قابلِ احترام ہیں،لیکن کیا صرف رسمی عقیدت سے کسی عظیم محسن کاحق اداہوجاتاہے؟کیااقبال کے افکارکاحقیقی احترام اس بات کاتقاضانہیں کرتا کہ ان کے نام سے وابستہ علمی ادارے بین الاقوامی معیارکی تحقیق،معیاری اشاعت، مستندتراجم اورنئی نسل کی فکری تربیت کے مضبوط مراکزبنیں؟ اقبال کاپیغام توایک زندہ فکری روایت ہے۔اسی لئے اقبال کے مزارپرپھول رکھنے والوں سے اقبال می روح سوال کررہی ہے کہ کب میری فکرکاحق اداکروگے؟جس میں قرآنِ حکیم کی اخلاقی رہنمائی،مولاناروم کی روحانی بصیرت،عقل وعشق کی معنویت ،انسانی شخصیت کی تعمیراوراجتماعی زندگی کی اصلاح کے ایسے مباحث موجودہیں جن پرمسلسل علمی کام کی ضرورت ہے۔
ان کے فکروفلسفے کومحض نصابی اقتباسات یایادگاری تقریبات کی حدتک محدودرکھناان کی عظمت کے ساتھ انصاف نہیں۔ان کی اصل تکریم ایک ایسی نسل کی تعمیرہے جوعلم میں بلند، کردار میں مضبوط،فکرمیں آزاداورعمل میں باوقارہو۔اس لیے مزارپرپھول رکھنے کے ساتھ ان کی علمی میراث کی حفاظت اورترویج کاحق اداکرنابھی ضروری ہے۔(جاری ہے)