ڈولفن سکواڈ حادثات اورمنچلوں کی ہلڑبازی سے محفوظ رکھنے کے لیے موجود ہے
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈولفن سکواڈ کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کے خلاف بڑے پیمانے پر سنڈے اسپیشل گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق کارروائی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے 59 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ڈیفنس، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، بند روڈ، فیروزپور روڈ اور دیگر علاقوں میں کارروائی کے دوران 52 ون ویلرز کو حراست میں لیا گیا۔ جبکہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث 7 افراد کو فیکٹری ایریا، سندر، ہربنس پورہ سمیت مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ملزمان کے قبضے سے پتنگیں، ڈور اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں علی رضا، فیضان، مہتاب، زین، محب سمیت دیگر شامل ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے ہنجروال، اسلام پورہ، نشتر، گارڈن ٹاؤن سمیت متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیاایس پی ڈولفن محمد خان کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ڈولفن سکواڈ شہریوں کو حادثات اور منچلوں کی ہلڑبازی سے محفوظ رکھنے کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں پر موجود ہے۔