وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے سیز فائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی تفصیلات وہ قوم سے خطاب کے دوران فراہم کریں گے۔جب وزیرِ اعظم سے سوال کیا گیا کہ بھارت کے ساتھ کس قسم کی شرائط طے کی گئی ہیں تو انہوں نے کہا کہ آئندہ مزید ملاقاتیں ہوں گی، اور ان ملاقاتوں میں تمام مسائل پر بات کی جائے گی تاکہ کوئی نئی پیچیدگیاں یا مسائل پیدا نہ ہوں۔ایکسپریس نیوز کے سوال پر کہ کیا یہ طے ہوگا کہ آئندہ بھارت ایسی جارحیت نہ کرے؟ وزیرِ اعظم نے جواب دیا کہ "جو مسائل ہوں گے، ان سب پر بات کی جائے گی۔"
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے یہ قدم امن کی کوششوں کا حصہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔یہ سیز فائر کا فیصلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے بعد کیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک نے امن کے قیام کے لیے مزید مذاکرات اور تبادلہ خیال کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔