پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مذاکرات میزائلوں اور ڈرونز کے تلے نہیں ہو سکتے اور پاکستان ہمیشہ سے یقین رکھتا ہے کہ پائیدار امن کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ بھارت اپنا جنگجو رویہ ترک کرے۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی رسمی سفارتی رابطے نہیں ہیں، اور پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ امن کے قیام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ضروری ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ یہ مذاکرات اس وقت تک ممکن نہیں جب تک بھارت کی طرف سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت اپنے جنگجو رویے کو روک دے تو پاکستان کشیدگی کم کرنے اور سفارتی چینلز کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا سمیت دیگر بین الاقوامی ثالثوں سے رابطے میں ہے اور اب بھارت پر ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لائے تاکہ خطے میں امن کا قیام ممکن ہو سکے۔