وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ نے بھارت کے حالیہ رویے اور پاکستان کے دفاعی اقدامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے جو بھی قدم اٹھایا، وہ مکمل طور پر ایک مؤثر دفاعی حکمتِ عملی کے تحت تھا۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی جھوٹ، فریب اور افواہوں کا سہارا لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کی کوشش کی اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ پھیلایا، جس کا مقصد خطے میں افراتفری پھیلانا تھا۔رانا ثناءاللّٰہ نے انکشاف کیا کہ گزشتہ شب بھارت نے میزائل حملہ کیا جس کے جواب میں پاکستان نے مؤثر اور بھرپور کارروائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وہی مقامات نشانہ بنائے جہاں سے پاکستان پر حملہ کیا گیا تھا، اور یہ پیغام دیا کہ پاکستان اپنی سالمیت کے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ اگر وہ یہی جنگجویانہ روش برقرار رکھے گا تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا، بلکہ مناسب اور فوری جواب دے گا۔
پہلگام واقعے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ پاکستان نے واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیش کش کی تھی، لیکن بھارت نے واقعے کے محض 10 منٹ بعد ایف آئی آر درج کر کے اسے مشکوک بنا دیا۔وزیراعظم کے مشیر نے بھارتی وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی "بچر آف گجرات" کے طور پر جانا جاتا ہے، وہ صرف کشمیری ہی نہیں بلکہ پورے بھارت میں مسلمانوں کا دشمن ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا، اور ہر حملے کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔