اشتہاری ہوں تو مجھے گرفتار کریں، علیمہ خان کا جج سے مکالمہ

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومروکی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست میں راولپنڈی کے تھانہ صادق آبادمیں اشتہاری ہونے اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کی رپورٹ دے دی گئی۔ سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ اور ایف آئی اے ڈپٹی ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا نام ڈی آئی جی راولپنڈی پولیس کی سفارش پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا، علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد  راولپنڈی میں دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، دوران سماعت علیمہ خان روسٹرم پر آ گئیں اور کہاکہ پنجاب پولیس نے لیٹر دیا کہ میں اشتہاری ہوں،میں یہاں بیٹھی ہوں آپ ڈی آئی جی بلوائیں مجھے گرفتار کریں، علیمہ خان نے کہاکہ میں آپ کی کورٹ سے نہیں جاوٓں گی جب تک ڈی آئی جی نہیں آتا،جسٹس خادم حسین سومرو نے کہاکہ اگر ڈی آئی جی اسلام آباد ہوتے تو میں بلا لیتا یہ پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی ہیں، نیاز اللہ نیازی ایڈووکیٹ نے کہاکہ ایسا آرڈر کر دیں کے ابھی گرفتار نہ کیا جائے،جسٹس خادم نے کہاکہ ہم نے قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنا ہے،پنجاب پولیس اسلام آباد ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، وکلا کی جانب سے درخواست التوا میں رکھنے کی استدعا پر عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔