پنجاب پولیس کے2 ہونہار افسران کی قابلیت کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے2 ہونہار افسران کی قابلیت کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا اور ان کے نام عالمی اعزازات کیلئے منتخب کر لیے گئے۔ ورلڈ پولیس سمٹ (WPS) نے ایس ڈی پی او سٹی سرکل سرگودھا اے ایس پی انعم شیر خان کو بین الاقوامی ایوارڈز کیٹیگریز میں اول اور ڈی پی او قصور محمد عیسی خان کو سیکنڈ پوزیشن کیلئے منتخب کر لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کیلئے 192 ممالک کے پولیس افسران کی مختلف کیٹیگریز میں غیر معمولی کارکردگی زیر غور آئی۔ایوارڈز کمیٹی نے سخت ترین سکروٹنی اور انٹرویو کے بعد پنجاب پولیس کے دو افسران کو ایوارڈ ونرز کے طور پر شارٹ لسٹ کیا ہے۔ مختلف کیٹیگریز میں پوزیشن ہولڈرز کی لسٹ ورلڈ پولیس سمٹ دبئی کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع کر دی گئی ہے۔ ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کی تقریب رواں ماہ 13 تا 15 مئی دبئی میں منعقد ہو گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے عالمی سطح پر اپنے ملک اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے پر دونوں افسران کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ دونوں افسران کو پولیسنگ میں غیر معمولی کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں بین الاقوامی ایوارڈز کے لئے منتخب کیا گیاہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کا ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈ کیلئے منتخب ہونا پاکستان پولیس سروس کیلئے فخر کی بات ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اے ایس پی انعم شیر خان نے کریمینل انوسٹی گیشن میں شاندار کارکردگی Excellence in Criminal Investigation Award 2025)) کیٹیگری میں اول پوزیشن حاصل کی جبکہ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان کو  ''پولیسنگ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بہترین استعمال (Best Artificial Intelligence Implementation in Policing Award) کیٹیگری میں اعلیٰ کارکردگی پر دوسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیاہے