کانسٹیبل احمد سلیکون سے بنائے گئے جعلی انگوٹھے کی مدد سے اپنے اور اپنے ساتھی اہلکاروں کی بوگس حاضری لگا رہا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)عباس لائنز میں تعینات پولیس اہلکار کانسٹیبل احمد کو جعلی بائیومیٹرک حاضری لگانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیاابتدائی تحقیقات کے مطابق کانسٹیبل احمد سلیکون سے بنائے گئے جعلی انگوٹھے کی مدد سے اپنے اور اپنے ساتھی اہلکاروں کی بوگس حاضری لگا رہا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کانسٹیبل احمد کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جب وہ ساتھی کانسٹیبل عقیل کی حاضری لگا رہا تھا واقعے کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں ڈیوٹی آفیسر اعجاز چٹھہ کی مدعیت میں درج کیا گیاتحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کانسٹیبل احمد طویل عرصے سے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھا۔پولیس حکام نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس معاملے میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے محکمہ پولیس ایسے غیر قانونی اقدامات کو برداشت نہیں کرے گا اور شفافیت و دیانتداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔