پاکستان کا بھارت پر فتح ون میزائل حملہ، شہید بچوں کے ناموں سے منسوب

پاکستان کا بھارت پر فتح ون میزائل حملہ، شہید بچوں کے ناموں سے منسوب

پاکستان نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے "آپریشن بنیان المرصوص" کا آغاز کیا ہے۔

اس آپریشن کے تحت پاکستانی فوج نے بھارت کے متعدد اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جن میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، اور بیاس میں واقع براہموس میزائل اسٹوریج شامل ہیں۔ پاکستانی حکام کے مطابق، فتح ون میزائلوں کے ذریعے ان حملوں میں بھارت کے دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ادھم پور ایئربیس پر تین میزائل داغے گئے، جس کے نتیجے میں ایئربیس مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ، راجوڑی میں واقع بھارتی ملٹری انٹیلیجنس کا تربیتی مرکز بھی تباہ کر دیا گیا ہے، جسے پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

پاکستانی فوج نے فتح ون میزائلوں پر سیاہ کپڑے کے بینرز آویزاں کیے تھے، جن پر بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے سات پاکستانی بچوں کے نام درج تھے۔ یہ اقدام ان معصوم جانوں کی یاد میں کیا گیا ہے، جو بھارتی جارحیت کا نشانہ بنیں۔بین الاقوامی برادری نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی کو کم کرنے کی اپیل کی ہے۔ امریکہ اور سعودی عرب نے ثالثی کی پیشکش کی ہے تاکہ خطے میں امن قائم رکھا جا سکے۔