ِٖٓپاک فوج ملک و قوم کا فخر

شہزاد راجپوت
بزدل ،مکار اور بد نیت دشمن نے پاکستانی افواج کو ایک بار پھر للکارا ہے۔پاکستانی افواج دشمن کے ناپاک عزائم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔دشمن کے 5طیارے اور 30سے زائد ڈرون کو فنا کر دیا۔پاکستانی افواج دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے کا بھر پور جذبہ اور طاقت رکھتی ہے۔جب تاریخ کے اوراق پر ہم نظر دوڑاتے ہیں تو ہمیں یہ حقیقت بار بار یاد دلائی جاتی ہے کہ قومیں اپنی سرزمین اور نظریے کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ایک مضبوط، بہادر اور محب وطن فوج کی مرہونِ منت ہوتی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اسی روایت کی امین ہیں۔ جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں وطنِ عزیز کا دفاع نہ صرف اپنی جانوں کے نذرانے دے کر کیا بلکہ دشمن کو یہ پیغام بھی دیا کہ "افواجِ پاکستان تو زندہ ہے"۔1947 سے لے کر آج تک افواجِ پاکستان نے بے شمار جنگیں، محاذ اور اندرونی چیلنجز کا سامنا کیا۔ 1948، 1965، 1971، کارگل اور دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ میں ہر مرحلے پر ہمارے سپاہی، افسران اور جوانوں نے قربانیوں کی ایسی داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ جنرل سرفراز، میجر عزیز بھٹی(نشانِ حیدر)، کیپٹن کرنل شیر خان(نشانِ حیدر)، راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) جیسے لاتعداد سپوتوں کی قربانیاں اس بات کی گواہی ہیں کہ افواجِ پاکستان نہ صرف زندہ ہے بلکہ ہر لمحہ تیار بھی ہے۔آج کی دنیا روایتی جنگوں سے نکل کر سائبر، ہائبرڈ اور ففتھ جنریشن وارفیئر کی طرف بڑھ چکی ہے۔ افواجِ پاکستان نے نہ صرف ان چیلنجز کو سمجھا ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی، انٹیلیجنس، سائبر سیکیورٹی، اور ایرو اسپیس میں خود کو دنیا کے ہم پلہ لانے کی کوشش کی ہے۔ آئی ایس پی آر کا بیانیہ اور عوامی رابطے کی مہمات بھی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہیں کہ دشمن صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ خیالات، میڈیا اور فکری محاذوں پر بھی سرگرم ہے اور اس کا جواب دینا فوج نے اپنا فرض سمجھا ہے۔افواجِ پاکستان کی اصل طاقت اس کا عوام سے مضبوط تعلق ہے۔ جب زلزلہ آیا، جب سیلاب نے بستیوں کو بہایا، جب دہشت گردی نے شہریوں کو نشانہ بنایا ۔ہر جگہ فوجی جوان نہ صرف مدد کو آئے بلکہ عوام کے دلوں میں عزت، محبت اور اعتماد کے نشان بن کر ابھرے۔ یہ رشتہ کبھی کسی پروپیگنڈے سے کمزور نہیں کیا جا سکا اور نہ کبھی کیا جا سکے گا۔دشمن جب اپنے پروپیگنڈے سے ہمارے حوصلے پست کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ہر پاکستانی یہ کہتا ہے کہ"تم مٹی کو بھی نہ توڑ سکے، ہم تو فولاد کے بنے ہیں۔"فوج کے خلاف سازشیں، جھوٹے بیانیے، اور نفرت انگیز مہمات ناکام ہوں گی کیونکہ یہ قوم جانتی ہے کہ ہماری بقا، ہماری خودمختاری اور ہمارا فخر سب افواجِ پاکستان کی بدولت ہے۔آج جب قوم کو اتحاد، استحکام اور یکجہتی کی ضرورت ہے تو ہمیں افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ ان پر اعتماد، ان کے حوصلوں کی قدر اور ان کی قربانیوں کا اعتراف ہی ہماری حقیقی طاقت ہے۔آئیے عہد کریں کہ ہم ہر سطح پر اپنی افواج کا ساتھ دیں گے کیونکہ"افواجِ پاکستان تو زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گی!"