صورتحال خطرناک ، بات چیت نہ ہونے سے معاملات مزید بگڑ سکتے ہیں: لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد سعید

 بحران کا کوئی موثر مینجمنٹ سسٹم موجود نہیں، غیر ریاستی عناصر دونوں ملکو ں کو جنگ کی طرف دھکیل سکتے ہیں، انٹرویو
اسلام آباد(آئی این پی)لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید  نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان جوہری طاقتیں ہیں جبکہ غیر ریاستی عناصر دونوں کو جنگ کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔اسکائی نیوز پر  دیے گئے ایک انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بحران کا کوئی موثر مینجمنٹ سسٹم موجود نہیں، ہم ایک خطرناک صورتحال کی طرف بڑھ رہے ہیں اور بات چیت نہ ہونے سے معاملات مزید بگڑ سکتے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل (ر)سعید نے کہا کہ غیر ریاستی عناصر کا کوئی مذہب یا قوم نہیں، ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزام تراشی ناقابل قبول ہے لہٰذا انٹیلی جنس ڈیٹا سامنے لایا جائے، بین الاقوامی قانون کسی بھی ملک اور خاندان کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔لیفٹیننٹ جنرل (ر)سعید کا کہنا تھا کہ مسئلے کا واحد حل بات چیت ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ تنازعات مذاکرات کے بغیر حل نہیں ہوتے۔