پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت جارحیت کا مظاہرہ قابلِ مذمت ہے،امریکا میں پاکستانی سفیر کا انٹرویو
واشنگٹن (آئی این پی )امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہاہے بھارت نے مسلسل تیسری رات حملہ کیا ہے، بھارت کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیے کہ پاکستان اس کی جارحیت پر خاموش رہے گا۔ پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت نے کرکٹ سٹیڈیم پر حملہ کیا، کرکٹ سٹیڈیم میں کیا دہشتگرد ہوتے ہیں؟۔ان کا کہنا تھا بھارت کا ماضی دیکھیں، جو نیپال اور سری لنکا میں ہوا سب کو معلوم ہے ۔ ایسی سوچ بھی دماغ میں نہیں آنی چاہیے تھی کہ پاکستان پر حملہ ہوگا اور جوابی ردعمل نہیں ہوگا، اب تک ہم نے جو کارروائی کی ہے وہ اپنے حق دفاع میں کی ہے۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت جارحیت کا مظاہرہ قابلِ مذمت ہے ،کیا دنیا ایک ایسی مثال قائم کرنا چاہتی ہے کہ بغیر کسی ثبوت ایک خودمختار ملک کے خلاف کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا جائے، علاقائی اور عالمی امن کے تناظر میں ایسی مثالیں قائم کرنا خطرناک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین راتوں سے بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور جارحیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حق دفاع کا استعمال کیا۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ ہم کشیدگی نہیں چاہتے تاہم اشتعال انگیزی اور جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ بھارت کی جانب سے خطے میں جو کچھ کیا جاتا رہا ہے اس سے تسلط پسندانہ رویے کی عکاسی ہوتی ہے۔