امن مشن‘سعودی وزیر پاکستان پہنچ گئے شہبازشریف‘اسحاق ڈار سے اہم ملاقاتیں
سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں علاقے کی صورتحال پر تبادلہ خیال‘دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر بھی بات چیت کی‘سعودی وزیر آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے
اسحاق ڈار نے ٹیلیفونک رابطے میں ایرانی‘اطالوی اور جاپانی وزرائے خارجہ کو بھارت کی جانب سے پاکستانی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر بریف کیا گیا
اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے‘ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے خارجہ امور کا خیرمقدم کیا۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور انہوں نے علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔بعد ازاں سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچے ہیں اور دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات سمیت خطے میں کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔دریں اثناء خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں ایران اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطے کیے۔ دونوں رہنمائو ں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی ترقی اور جنوبی ایشیائی ریجن میں تازہ سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی۔عباس عراقچی نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے فریقین کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکیں۔ اسحاق ڈار نے اٹلی کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون انتونیو تاجانی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔اس دوران اسحاق ڈار نے اپنے اطالوی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے پاکستانی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزیوں سے تفصیل سے آگاہ کیا اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات سے بریف کیا۔ انتونیو تاجانی نے پاکستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کی فوری ضرورت پر زور دیا‘ اسحاق ڈار نے جاپان کے وزیر خارجہ تاکیشی ایویا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے جاپانی ہم منصب کو بھارتی حملوں سے آگاہ کیا، اسحاق ڈار نے جاپانی وزیر خارجہ کو علاقائی صورتحال سے متعلق مکمل آگاہی دی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان اپنی خود مختاری اور دفاع کے لئے پرعزم ہے