تنازع پر تشویش ہے‘بھارت نے حملہ کیا، پاکستان نے جواب دیا، دونوں ممالک کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنا چاہیے، پاک بھارت جنگ ایٹمی جنگ نہیں بننی چاہیے، اگرایسا ہوا توبہت نقصان ہوگا: ڈی جے وینس کاانٹرویو
فریقین سے کہتے ہیں مسائل کے حل کیلئے ذمہ دارانہ اقدامات کریں، پاکستان اور بھارت میں براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں،پاکستان پہلگام واقعہ کی تحقیقات چاہتا ہے:ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن (آئی این پی )امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے امریکہ ایسی جنگ میں مداخلت نہیں کرے گا جس سے ہمیں فائدنہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے حملہ کیا، پاکستان نے جواب دیا، دونوں ممالک کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنا چاہیے، پاک بھارت جنگ ایٹمی جنگ نہیں بننی چاہیے، اگرایسا ہوا توبہت نقصان ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاک بھارت تنازع کو جلد حل ہونا چاہیے، امریکہ کو پاک بھارت تنازع پر تشویش ہے، فی الحال ایسا لگ نہیں رہا پاک بھارت جنگ ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو گی۔ نائب امریکی صدر نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کی جنگ میں مداخلت نہیں کر سکتے، البتہ امریکا سفارتکاری کا راستہ اختیار کرسکتا ہے۔ دریں اثناء مریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے امریکہ نے بھارت اور پاکستان سے مسلح تصادم بند کرنے کا کہہ دیا ہے۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ٹیمی بروس کاکہنا تھا کہ فریقین سے کہتے ہیں کہ مسائل کے حل کیلئے ذمہ دارانہ اقدامات کریں۔پاکستان پہلگام واقعے کی تحقیقات چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ سے بات کی ہے جس میں پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کم کرنے پر بات کی گئی ۔ پاکستان اور بھارت میں براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ امریکہ سمجھتا ہے کہ کشمیر میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔