قائم مقام امریکی سفیر کی48گھنٹے میں محسن نقوی سے2اہم ملاقاتیں

خطرناک صورتحال کا ذمہ دار بھارت ہے، پاکستان اپنی سلامتی پر ہرگز آنچ نہیں آنے دے گا
 بھارت نے شہری آبادیوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی:وزیرداخلہ کی گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے  خطرناک صورت حال کا ذمے دار بھارت ہے، پاکستان اپنی سلامتی پر ہرگز آنچ نہیں آنے دے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ  سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی 48 گھنٹے میں دوسری اہم  ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور سرحدوں کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کو موجودہ کشیدگی اور بھارتی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا  ۔ انہوں نے بھارت کی ڈورنز دہشتگردی کے بارے بھی قائم مقام امریکی سفیر کو بریف کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین کو پامال کرکے شہری آبادیوں کو ڈورنز کے ذریعے نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی جب کہ پاکستان نے موثر کارروائی کر کے درجنوں ڈرونز کو مار گرایا۔انہوں نے کہا کہ خطے کی خطرناک صورتحال  کا تمام تر ذمے دار بھارت ہے۔