خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان امن کیلئہ مثبت کردار ادا کر رہا ہے: عظمیٰ بخاری

یومِ علیؓ پر سخت سیکیورٹی انتظامات، رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے: میڈیا سے گفتگو 
لاہور  (سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے  خطے میں اس وقت جنگ جیسی صورتحال ہے جس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں، تاہم پاکستان اس مشکل وقت میں مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم موجودہ حالات میں صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے مسلسل سرگرم ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور پاکستان بھی دیگر ممالک کی طرح مشکل معاشی حالات کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں بھی اس وقت مندی کا رجحان پایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارج کو پسپا کر رہی ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ یومِ علی کے موقع پر صوبہ بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں پنجاب بھر میں تقریباً 30 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ لاہور میں 8 ہزار سے زائد اہلکار خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی سیکیورٹی اداروں کو معاونت فراہم کی جائے گی۔