سلمان اکرم راجا کے انسداد دہشتگردی عدالت کے وارنٹ ہائیکورٹ نے معطل کر دیے

سلمان اکرم راجا کے انسداد دہشتگردی عدالت کے وارنٹ ہائیکورٹ نے معطل کر دیے

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کے انسداد دہشت گردی عدالت کے جاری وارنٹ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے معطل کردیے ہیں۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔سماعت قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے کی، جس میں سلمان اکرم راجا ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران، قائم مقام چیف جسٹس نے سلمان اکرم راجا سے استفسار کیا کہ الزام کیا ہے اور درخواست پر اعتراض کیا ہے؟ سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ ان پر الزام ہے کہ وہ کسی پولیس اسٹیشن پر حملے میں شامل تھے، جس پر عدالت نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ کو پتا ہے کہ آپ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ آپ بولتے بہت ہیں۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وہ پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں اور پیشی کے باوجود وارنٹ جاری ہونے پر حیرانی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ان سے پوچھا کہ درخواست پر اعتراض کیا ہے، جس پر سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں اور یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔عدالت نے کہا کہ یہ تو واقعی سنجیدہ معاملہ ہے، اور سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ وہ روٹین میں عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں اور ایف آئی آر میں 100 لوگوں کا ذکر کیا گیا ہے جن کا کوئی اتا پتا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی ان لوگوں کے وارنٹ جاری کیے جا رہے ہیں جن کا کوئی پتا نہیں ہے۔بعد ازاں، عدالت نے وارنٹ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور کیس کی سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کردی۔