پنسلوانیا کے علاقے مانہیم ٹاؤن شپ میں ایک چھوٹا طیارہ ریٹائرمنٹ کمیونٹی کی پارکنگ میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے، تاہم زمین پر موجود افراد محفوظ رہے۔
یہ حادثہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب بیچ کرافٹ بونانزا سنگل انجن طیارہ لینکاسٹر ایئرپورٹ سے اوہائیو کے لیے روانہ ہوا اور تھوڑی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا۔طیارہ بریڈرین ولیج ریٹائرمنٹ کمیونٹی کی پارکنگ میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا جس سے متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں، مگر کوئی عمارت متاثر نہیں ہوئی۔ ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ مانہیم ٹاؤن شپ پولیس چیف ڈواین فشر نے تصدیق کی کہ طیارے میں سوار پانچ افراد زخمی ہوئے، تاہم کسی کی جان نہیں گئی۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی پولیس اور متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
یہ حادثہ امریکی فضائی تاریخ میں ایک اور فضائی حادثے کے تناظر میں آیا ہے، کیونکہ حالیہ مہینوں میں دیگر فضائی حادثات جیسے فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور کمرشل جیٹ طیارے کے حادثے کی خبریں بھی آئی ہیں۔