ویب ڈیسک: وفاقی وزیر احسن اقبال نے بانیٔ پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نفرت کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے بتایا کہ چند ماہ قبل آکسفورڈ یونیورسٹی لندن میں ایک مباحثے کے دوران ایک نوجوان نے بانیٔ پی ٹی آئی کی وکالت کی، جس پر انہیں بھی اس کی حقیقت بیان کرنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے نفرت کی سیاست کی بنیاد رکھی، اور اسی مائنڈ سیٹ سے متاثر ہو کر ایک نوجوان نے انہیں گولی مار دی، جو آج بھی ان کے جسم میں موجود ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر تنقید کرنی ہو تو معیاری تنقید کی جائے، اور بانیٔ پی ٹی آئی نے برطانیہ سے ملنے والے 190 ملین پاؤنڈ واپس لے کر چور کو دے دیے، جس پر سوال اٹھایا کہ کیا وہ سیاسی قیدی ہیں یا چور اور مجرم ہیں؟احسن اقبال نے مزید کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی بحث میں پی ٹی آئی کے نمائندے کو شکست ہوئی، جب کہ انہیں 145 کے مقابلے میں 184 ووٹ ملے۔